وایناڈ ، 28/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے انتخابی سیاست میں قدم رکھ لیا ہے۔ انہوں نے 23 اکتوبر کو وایناڈ پارلیمانی حلقے سے اپنا نامزدگی پرچہ جمع کرایا۔ دراصل، حالیہ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وایناڈ اور رائے بریلی دونوں سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی، تاہم انہوں نے رائے بریلی سیٹ کو برقرار رکھتے ہوئے وایناڈ سے استعفیٰ دے دیا، جس کی وجہ سے یہاں ضمنی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے آغاز سے قبل، پرینکا گاندھی نے ایک روڈ شو کا انعقاد کیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
روڈ شو کے دوران عوام کو مخاطب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’ملک میں بے روزگاری اب تک کے اعلیٰ سطح پر ہے۔ والدین اپنے بچوں کو پڑھانے کے لئے سخت محنت کرتے ہیں، لیکن انہیں ان کا کوئی مستقبل نظر نہیں آتا۔ مجھے معلوم ہے کہ آپ لوگوں کو فٹبال بہت پسند ہے، لیکن یہاں سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ تمام نوجوانوں کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جو اپنی ریاست اور اپنے ملک کی طرف سے کھیلنے کے لئے سخت محنت کرتے ہیں۔‘‘ پرینکا گاندھی نے این ڈی اے پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’این ڈی اے کی دور حکومت میں آئین کی اقدار کو لگاتار کمزور کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی پالیسیاں عام لوگوں کے بجائے وزیر اعظم نریندر مودی کے دوستوں کے لئے بنائی جا رہی ہیں۔
حال ہی میں ہوئے لینڈ سلائڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا ’’جب تک متاثرین کو معاوضہ نہیں مل جاتا، میں بار بار ان کی آواز اٹھاؤں گی۔ میرا ماننا ہے کہ ان میں سے بہتوں کو ان کے حق کا معاوضہ نہیں ملا ہے۔ حکومت کو فنڈ جاری کرنی چاہئے، جو انہوں نے اب تک نہیں کی۔ میں اس کے لئے بھی لڑوں گی، ان تمام مسائل کو بھی اٹھاؤں گی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں پرینکا گاندھی نے وائناڈ کی عوام کے لئے ایک خط لکھا تھا۔ اس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’وائناڈ کے میرے پیارے بھائیوں، بہنوں آپ کی نمائندہ کے طور پر میرے اس سفر میں آپ لوگ میرے راہبر اور استاد ہیں۔ جمہوریت، انصاف، آئین میں درج اقدار کے لئے لڑنا میری زندگی کا مقصد ہے۔ اگر آپ ہمیں اپنا رکن پارلیمنٹ منتخب کرتے ہیں تو میں آپ کی شکر گزار رہوں گی۔‘‘